پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،ابرارحسین خان

October 28, 2021

بریڈفورڈ(نمائندہ جنگ)مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر قونصلیٹ آف پاکستان بریڈ فورڈ میں احتجاجی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ممبران برطانوی پارلیمان، لوکل کونسلرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے یوم سیاہ کی مناسبت سے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ قونصل جنرل ابرار حسین خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نےسات دہائیوں سے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں موجود ظالم بھارتی فوج نہتے اور معصوم کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رہی ہے لیکن پھر بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو رہی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالی کی مذمت کرنا ہے۔ 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اور یکطرفہ اقدام نے کشمیریوں کی حالت زار کو بدتر کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے سے انکار کے علاوہ بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر کے کشمیریوں کو گھروں میں قید کردیا گیا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔