بھارتی پنجاب کے داخلی سیاسی تنازع میں ISI کو ملوث کرنیکی کوشش

October 28, 2021

اسلام آباد( فاروق اقدس) پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ جنہوں نے حال ہی میں ریاست کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد ایک نئی پارٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے ردعمل میں پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ سکھ جندر سنگھ رندھاوا نےکہا ہے کہ حکومت کیپٹن امریندر سنگھ کی خاص دوست عروسہ عالم کے آئی ایس آئی کے ساتھ تعلقات کی تحقیقات کرے گی.

انھوں نے بتایا کہ وہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے ʼبی بی جی (عروسہ) کے آئی ایس آئی کے ساتھ تعلقات کی تحقیق کرنے کے لیے کہیں گے۔

رندھاوا نے مزید کہا کہ وہ ڈی جی پی سے امریندرسنگھ کی وزارت اعلیٰ کے زمانے میں پاکستان سے آنے والے ڈرونز کی رپورٹس کی تحقیقات کرنے کو بھی کہیں گے۔

بھارتی ریاست پنجاب میں داخلی سطح پر اس تنازعے میں مرکزی کردار پاکستانی خاتون صحافی عروسہ عالم کو بنایا جارہا ہے جنہوں نے کئی سال پہلے اعلانیہ یہ اعتراف کیا تھا،میں ایک خوش قسمت خاتون ہو کہ کیپٹن(ر) امریندر سنگھ نے پوری دنیا میں اپنے ساتھ دوستی کیلئے میرا انتخاب کیا ہے، ہماری یہ دوسی کسی متعینہ مدت کیلئے نہیں ہے جبکہ دوسری طرف امریندر سنگھ نے بھی’’ دوستی‘‘ کا یہ تعلق ظاہر ہونے پر کم و بیش اسی قسم کے جذبات کا اظہار ان کے بارے میں کیا تھا لیکن اب کم و بیش16 سال کا طویل گزر جانے کے بعد دونوں کا ساتھ ختم ہورہا ہے اور عروسہ عالم نے نہ صرف بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ وہ آئندہ کبھی بھارت نہیں آئیں گی۔

انہوں نے یہ فیصلہ کیپٹن امریندر سنگھ پر الزامات کے بعد کیا ،اس طرح بھارتی ریاست پنجاب کے داخلی سیاسی تنازعے میں پاکستانی صحافی پر الزامات لگانے کیلئے آئی ایس آئی کو بھی اپنے بے بنیاد پروپیگنڈے میں ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ بعض دیگر غیر ملکی ذرائع ابلاغ بھی اس صورتحال کو اپنے اپنے انداز میں نمایاں کررہے ہیں۔