آریان خان کیس سلمان خان اور شاہ رخ خان کے خاندانوں کو کیسے قریب لایا؟

October 28, 2021

ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی گرفتاری نے بالی ووڈ کے خانز سلمان اور شاہ رخ کے خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب کردیا ہے اور دونوں خاندان مل کر آریان کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

شاہ رخ خان اور سلمان خان کئی دہائیوں سے دوست ہیں۔ 1995 کی بلاک بسٹر ’کرن ارجن‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد، اداکار گہرے دوست بن گئے۔ اگرچہ ان کی دوستی میں اتار چڑھاؤ نظر آیا لیکن آریان خان کیس نے انہیں اور ان کے خاندانوں کو اس طرح اکٹھا کر دیا ہے جیسے ان کے درمیان کوئی رنجشیں ہی نہیں تھیں۔

آریان خان کی گرفتاری کے بعد سلمان خان شاہ رخ کے گھر جانے والی پہلی مشہور شخصیت تھے۔ ان کے اہل خانہ، بہن اور والد سلیم خان بھی کنگ خان کے گھر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے والدین آریان خان کے گھر واپس آنے کی دعا کر رہے ہیں۔ سلمان خان، شاہ رخ خان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں تقریباً ہر روز فون کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں شاہ رخ خان نے ایک شو کے دوران کہا تھا کہ وہ ہمیشہ سلمان خان پر بھروسہ کر سکتے ہیں کہ وہ مصیبت کے وقت ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ ہوں گے۔

دوسری جانبشاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں گزشتہ روز ضمانت نہیں مل سکی، کیس کی سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کردی گئی جس کے بعد ان کے 15 نومبر تک جیل میں رہنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔