• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری فیملی کے مشکل وقت میں سلمان خان ساتھ دیں گے: شاہ رخ خان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے اس مشکل وقت میں سوشل میڈیا پر اُن کی ایک پُرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہمیشہ سلمان خان پر بھروسہ کر سکتے ہیں کہ وہ مصیبت کے وقت ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ ہوں۔

شاہ رخ خان اور اُن کے اہلخانہ ایک مشکل وقت سے گُزر رہے ہیں کیونکہ اداکار کے بڑے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے، ایسے میں اداکار کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ماضی کی ایک پُرانی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو سلمان خان کے شو ’دس کا دم‘ کی ہے جس میں شاہ رخ خان اور رانی مکھرجی نے بطورِ مہمان شرکت کی تھی۔

شو کے دوران سلمان خان نے شاہ رخ خان سے پوچھا تھا کہ ’آپ کی زندگی میں ایسا کوئی شخص ہے جو آپ کے ہر اچھے، بُرے وقت میں آپ کے ساتھ کھڑا رہے؟‘

سلمان خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ ’سلمان یار! میں اگر کبھی مشکل میں ہوا بلکہ اگر کبھی مجھ سے زیادہ میری فیملی مشکل میں ہوئی تو تُم اُن کے ساتھ ہو گے۔‘

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی اس بات پر اتفاق کرتے ہوئے سلمان خان نے فوراََ اُنہیں گلے سے لگالیا۔

شاہ رخ خان کی ماضی میں بولی گئی یہ بات اب درست ثابت ہوگئی ہے کیونکہ جب آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تو وہ سلمان خان ہی تھے جو سب سے پہلے شاہ رخ خان کے پاس گئے اور اُنہیں حوصلہ دیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپا مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو حراست میں لیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ شاہ رخ خان کے بیٹے نے اس الزام کو مسترد کردیا تھا۔

تاہم تفتیش کے دوران آریان خان نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کرلیا تھا۔

مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے ایک روز پھر 3 روز اور اب 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا ہے۔ 

تازہ ترین