نعمان نیاز، شعیب اختر تنازع، اداکارائیں بھی بول پڑیں

October 28, 2021

سرکاری ٹی وی چینل پر میزبان نعمان نیاز کی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر سے بدتمیزی کے معاملے پر اداکاراؤں نے بھی راولپنڈی ایکسپریس کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔

گلوکارہ مومنہ مستحسن نے لکھا کہ ’شعیب اختر کی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، شعیب اختر کی عزت پاکستانی اور عالمی مداح کرتے ہیں، وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔‘

اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا کہ میری جب بھی شعیب اختر سے ملاقات ہوئی ہے، ہمیشہ قابلِ احترام پایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو سلام کرنے کے لیے اٹھتے ہیں، اُن کا احترام کرتے ہیں اور ہر کسی کو اپنے دل میں ایک خاص مقام دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ ٹاک شو کلپ دیکھنا انتہائی مشکل تھا۔

اداکارہ ماورہ نے بھی شعب اختر کی حمایت میں کہا کہ ہمارے قومی ہیروز کو دنیا میں سب جانتے ہیں، شعیب اختر ہمارے کرکٹ لیجنڈ ہیں۔

میں ایک ٹی وی اینکر کی طرف سے ان کے ساتھ کیے گئے بدتمیزی اور بے عزتی پر بالکل حیران ہوں۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے ٹرانسمیشن کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے حارث رؤف کی تعریف کی تھی اور انہیں لاہور قلندر کی دریافت کہا جس پر میزبان بھڑک اٹھے اور شعیب کو شو سے جانے کا کہہ دیا۔

نعمان نیاز نے شاہین آفریدی کا ذکر کیا تو شعیب نے انہیں ٹوکا، میزبان اینکر نے آن ایئر شعیب کو شو سے جانے کا کہا جس پر شعیب نے سرکاری ٹی وی شو سے علیحدہ ہونے کا اعلان کردیا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ لیجنڈز کے سامنے شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔