لاہور میں غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے الزام میں گرفتار 4 ملزمان میں سے سکندر عزیز بھی رضا ڈار کا قریبی رشتہ دار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی خواتین اغواء کیس کا ملزم رضا ڈار شارجہ میں کرپٹو کرنسی کا کام کرتا ہے۔ سکندر عزیز پر چیک باؤنس ہونے کا پہلے بھی ایک مقدمہ ہوچکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خواتین کو کرپٹو کرنسی میں مزید کاروبار کرنے کا جھانسہ دے کر پاکستان بلایا گیا، کرپٹو کرنسی میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کے لیے سکندر کو سامنے لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق خواتین کو پاکستان بلانے کا مقصد ساڑھے چار کروڑ ڈالر ریکور کروانا تھا۔ خواتین 2 جون کی صبح واپس جانا چاہتی تھیں لیکن پولیس نے کارروائی پوری کرنے کا کہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین میڈیکل کروانے سے گریزاں تھیں لیکن کارروائی مکمل کرنے کے لیے رضامند کیا گیا۔ خواتین کا دفعہ 164 کا بیان یکم اور 2 جون کی رات کو کروانے کے لیے ایس ایچ او مجسٹریٹ کے گھر گیا تھا۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے ایک ملزم وحید طاہر کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔ ملزم وحید کیخلاف قتل، پولیس مقابلے سمیت متعدد مقدمات درج ہیں۔