شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت منظور

October 28, 2021


بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں بلآخر ضمانت مل گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کے ساتھ ساتھ اس کیس میں گرفتار ارباز مرچنٹ اور مونمون دھامیچا کی بھی ضمانت منظور ہوگئی ہے۔

جسٹس نتن ڈبلیو سامبرے پر مشتمل بمبئی ہائی کورٹ کا سنگل بینچ اس درخواست ضمانت کا حکم نامہ کل جاری کرے گا، اور کل ہی آریان سمیت دیگر ملزمان کو رہا کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی میں ساحل کے قریب کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپا مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے پہلے آریان نے مسترد کیا جبکہ بعد میں اس سے متعلق اعتراف بھی کرلیا تھا۔

مذکورہ کیس میں آریان خان اس وقت ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں جبکہ اس دوران انہوں نے مجسٹریٹ کی عدالت اور پھر این ڈی پی ایس کی عدالت میں درخواست ضمانت جمع کروائیں اور ان کی یہ دونوں درخواستیں مسترد ہوئیں جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ نے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

بمبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کے وکیل سابق اٹارنی جنرل مکول روہاتگی نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ آریان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔

واضح رہے کہ اس کیس سے متعلق یہ بھی بتایا جارہا تھا کہ بھارت میں مذہبی تہوار دیوالی کے سلسلے میں بمبئی ہائی کورٹ کی چھٹیاں یکم نومبر سے شروع ہوجائیں گی، جو 12 نومبر تک جاری رہیں گی جبکہ 13 اور 14 نومبر کو ہفتہ اور اتوار کے باعث کیس کی اگلی سماعت کم از کم 15 نومبر کو ہوسکتی ہے، جس کے وجہ سے آریان کو کم از کم 15 نومبر تک جیل میں رہنا پڑ سکتا ہے۔