ہم نے عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر کم ڈالا، فرخ حبیب

November 05, 2021

وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ہم نے عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر کم ڈالا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فرخ حبیب نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اس کے باوجود ہم نے عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر کم ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیلز ٹیکس کو کم کردیا ہے، ہم پٹرول پر 14 روپے چارج کررہے تھے، اسےکم کرکے11 روپے کردیا۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر جوں ہی سپلائی بڑھے گی، پٹرولیم قیمتیں نیچے آئیں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے کا ہےجبکہ پنجاب میں 1100 روپے کا ہے۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت نے بر وقت فیصلہ کیا اور چینی امپورٹ کی، پنجاب میں 80 ہزار ٹن کی امپورٹڈ چینی کا اسٹاک موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کچھ شوگر ملز نے کرشنگ شروع کی تو صوبائی حکومت نے بند کرادی، ہم نے چینی کی قیمت مقرر کی لیکن عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اس سال گنے کی قیمت میں اضافہ ہوا، 100 ارب روپے گنے کے کاشتکار کو زیادہ ملے، چینی کی قیمت میں اضافہ روکنے کےلیے سندھ حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے مصنوعی طور پر روپے کی قدر مستحکم رکھی تھی، ڈالر کی مقابلے میں ترک، جرمن اور انڈین کرنسی کی قدر بھی کم ہوئی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید نیچے آئے گی۔