سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

November 07, 2021

پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر کو سرکاری ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھیج دیا ہے۔

پی ٹی وی نے راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور فاسٹ بولر شعیب اختر کو مجموعی طور پر 10 کروڑ 30 لاکھ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا۔

نوٹس کے متن کے مطابق شعیب اختر نے بتائے بغیر دبئی جا کر بھارتی کرکٹر کے ساتھ شو کیا، جس سے سرکاری ٹی وی کو نقصان ہوا۔

نوٹس کے متن کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران شعیب اختر پی ٹی وی پر تبصرے کے لیے غیر حاضر بھی رہے۔

نوٹس کے ذریعے سرکاری ٹی وی نے شعیب اختر سے مطالبہ کیا کہ نوٹس پیریڈ کے بغیر استعفیٰ دینے پر 3 ماہ کی تنخواہ کے مساوی 33 لاکھ روپے ادا کیے جائیں۔

سرکاری ٹی وی نے نوٹس میں کہا کہ شعیب اختر کی وجہ سے پی ٹی وی کو جو نقصان ہوا، اُس پر وہ 100 ملین روپے ادا کریں۔

دوسری طرف شعیب اختر نے بھی سرکاری ٹی وی کو جوابی نوٹس بھیجنے کے لیے وکلاء سے مشاورت شروع کردی ہے۔