پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے سابق کوچ باب وولمر کی موت سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام جشن کرکٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ باب وولمر کی وفات ہوئی تو کئی افواہیں گردش کرتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کوچ کی وفات پر کہا گیا کہ باب وولمر کی موت سے پہلے چھوٹے اور لمبے قد کے دو لوگ کمرے میں گئے تھے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ بطور کپتان میری اور باب وولمر کی میٹنگ ہوتی رہتی تھی، مگر میں اتفاق سے کبھی وولمر کے کمرے میں گیا ہی نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ باب وولمر کے انتقال کے بعد پوری قومی ٹیم کو الگ جزیرے پر منتقل کیا گیا۔
اس معاملے پر مشتاق احمد نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ سب چلے جائیں گے مگر انضمام الحق نہیں جائے گا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ ممبئی اور نئی دلی میں کوئی مسئلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب کپتان کہہ دے کہ ورلڈکپ میں کپتانی چھوڑ دوں گا، تو مطلب کچھ گڑ بڑ ہے، بھارت کے ڈریسنگ روم کا ماحول خراب تھا۔
اس پر مشتاق احمد نے کہا کہ اب ویرات کوہلی ٹی20 سے ریٹائرمنٹ لے لے گا، وہ اب ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے توانائی بچائے گا۔
سابق لیگ اسپنر نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم اتنے عرصے سے مسلسل کھیل رہی ہے، مسلسل کرکٹ کھیلنے سے بھی ذہن دباؤ میں آجاتا ہے۔