سوات، منشیات فروشوں کیخلاف آواز اٹھانے پر نوجوان قتل

November 10, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ڈویژن ملاکنڈ میں منشیات اور جرائم کے خلاف آواز اٹھانے والے معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ محمد زادہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سےجاں بحق ہوگئے۔محمد زادہ کو نامعلوم ملزمان نے وادی سوات کے علاقے سخاکوٹ میں گھر کے باہر بیٹھے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔واقعے کیخلاف لواحقین کا احتجاج ، پشاور کو مالاکنڈ ڈویژن میں شامل سات اضلاع سے ملانے والی شاہراہ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے کئی گھنٹوں تک بند کر دیا۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا، اس کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی کو عہدوں سے ہٹا کر نئے افسران کو تعینات کردیا۔محمد زادہ آگرہ کے قتل کے خلاف سخاکوٹ میں ہونے والے مظاہرے سے خطاب میں ان کے بھائی جلال اکبری نے مالاکنڈ کے ڈپٹی کمشنر کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی نے علاقے میں قیام امن اور منشیات کے خاتمے کے لیے کوششیں شروع کی تھیں۔