وسیم اکرم کا روی شاستری کو اہم مشورہ

November 10, 2021

سوئنگ کے سلطان اور سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے بھارتی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری کو کمنٹری کی دُنیا میں واپس آنے کا مشورہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم نے اپنی حالیہ گفتگو میں اپنے دوست اور بھارتی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

وسیم اکرم نے روی شاستری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میرے اچھے دوست شازی! یہ آپ کا کوچ کے طور پر آخری ٹورنامنٹ تھا اور مجھے لگتا ہے کہ آپ نے پچھلے تین سالوں میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس کے بارے میں پہلے بھی بات کی تھی، میرے خیال میں جہاں تک مین مینجمنٹ کا تعلق ہے وہ بہت شاندار تھا اور اس سطح پر آپ کو بہت زیادہ کوچنگ کی ضرورت نہیں ہے۔‘

سابق کرکٹر نے کہا کہ ’آپ کو مینجمنٹ کی ضرورت ہے اور آپ اس میں اچھے تھے۔‘

وسیم اکرم نے روی شاستری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کمنٹری کی دُنیا میں واپس آجائیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ کمنٹری میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔‘

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور اب راہول ڈریوڈ نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔