نیشنل سنٹر فار سائبر سکیورٹی کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس اختتام پذیر

November 25, 2021

اسلام آباد (وقائع نگار) نیشنل سنٹر فار سائبر سکیورٹی ائر یونیورسٹی کے زیراہتمام 2روزہ سالانہ عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بطور مہمان خصوصی پاکستان کی پہلی نیشنل سائبر سکیورٹی اکیڈمی کا افتتاح کرتے ہوئے سائبر سکیورٹی کو ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر چیف آف ائر اسٹاف ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ائر مارشل (ر) جاوید احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وائس چیف آف ائر اسٹاف ائر مارشل نعمان علی، ڈائریکٹر نیشنل سنٹر فار سائبر سکیورٹی ڈاکٹر کاشف کفایت نے شرکت کی۔ پی اے ایف ڈائریکٹر جنرل سی فار آئی ائر وائس مارشل عباس گھمن نے بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کو سائبر میدان میں ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکر شائستہ سہیل نے کہا کہ ایچ ای سی سائبر سکیورٹی کے اکیڈمک کورسز کو چار سالہ بی ایس اور پی ایچ ڈی لیول تک لے جانا چاہتا ہے۔ سائبر سکیورٹی کو تمام یونیورسٹیز کیلئے لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ائر مارشل (ر) جاوید احمد نے کہا ائریونیورسٹی عالمی معیار کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل سائبر سکیورٹی ماہرین تیار کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ کانفرنس میں 22ریسرچ پیپرز پڑھے گئے جبکہ 6ٹریننگ ورکشاپس اور 2پینل ڈسکشن ہوئیں۔ امریکہ‘ یورپ‘ ملائیشیاء اور دیگر ممالک کے ماہرین نے ریسرچ مقالے پیش کئے۔