نوشین کاظمی کی موت گلے میں پھندے سے ہوئی، پوسٹمارٹم رپورٹ

November 26, 2021

لاڑکانہ( بیورورپورٹ) چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کی ایم بی بی ایس سال چہارم کی طالبہ ڈاکٹر نوشین کاظمی کی پوسٹمارٹم رپو رٹ جاری کردی گئی۔ جمعرات کوجاری رپورٹ میں موت کی وجہ گلے میں رسی کا پھندا لگنا قرار دیا گیا، ڈاکٹر نوشینکاظمی کی پراسرار موت کی تحقیقات سے متعلق ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے کہا ہےکہ چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کی طالبہ ڈاکٹر نوشین کی موت کی تحقیقات دو سینئر ایس پیز کی نگرانی میں کی جا رہی ہے،ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ نے کہا کہ ڈاکٹر نوشین کے کمرے سے وڈیو شواہد، ڈاکومنٹری شواہد، موبائل ڈیٹا ، فنگر پرنٹ سمیت مختلف اشیاء تحقیقات کے لئے حاصل کر لی گئیں ہیں اور ان کا فارنزک معائنہ شروع کردیا گیا ہے،ڈاکٹر نوشین کے کمرے سے ملنے والی تحریر کا بھی فارنزک معائنہ جاری ہے،متوفیہ ڈاکٹر نوشین کے کلاس فیلو عمیر نے بتایا کہ نوشین سخت مذہبی خیالات رکھنے کی وجہ سے کسی سوشل سرگرمی میںحصہ نہیں لیتی تھی تاہم انہیں یقین نہیں آ رہا کہ وہ اتنی بہادر اور مذہبی ہوتے ہوئے کس طرح خودکشی کر سکتی ہے، پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی نوشین کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ گلے میں رسی کا پھندا بتائی گئی ہے، نوشین کے جسم کے بعض اندرونی اعضا مزید معائنے کے لئے ہسٹو پیتھالوجی کیلئے بھیج دئیے گئے ہیں جس کی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔