بلوچستان اور سندھ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 3.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز واشک سے 20 کلو میٹر دور شمال مشرق میں تھا۔
دوسری جانب سندھ کے شہر شہداد کوٹ اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا مرکز شہدادکوٹ سے 126 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔
زلزلہ آج دوپہر 12 بج کر 5 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خضدار اور ملحقہ علاقوں میں ایک سے زیادہ مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں سندھ میں سکھر، جیکب آباد، دادو، میہڑ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔