خواتین کی معاشی خود مختاری سے عائلی نظام مضبوط ہوگا، آشفہ فتیانہ

November 26, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار اور معاشی طور پر خود مختار بنا کر عائلی نظام کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نےبہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں مسلم عائلی نظام، چیلنجز اور ان کا تدارک کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے اپنے خطاب کے دوران کہی۔کانفرنس میں علی گڑھ یونیورسٹی انڈیا، برطانیہ، مصر اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے مندوبین نے شرکت کی آشفہ ریاض فتیانہ نے محققین اور مقالہ نگاروں کی تجاویز کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں حکومت پنجاب کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے حکومت پنجاب ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ شریک کر کے خواتین کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے خواتین کو وراثت میں لازمی حصہ دلوانے کےلئے قانون سازی کر دی ہے پنجاب کے مختلف شہروں میں خواتین کی سہولت کے پیش نظر ورکنگ وومن ہوسٹلز بنائے گئے ہیں اور مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں ڈے کئیر سنٹرز کے قیام سے خواتین کو بچوں کی نگہداشت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملی ہے۔