آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو بیجز لگائے

November 26, 2021

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو بیجز لگائے، لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر آرمی میڈیکل کور کی پہلی خاتون کرنل کمانڈنٹ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور (اے ایم سی) ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پہلی تھری اسٹار خاتون جنرل آفیسر کی ترقی پاک فوج اور ملک کے لئے باعث فخر ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے لئے میڈیکل سائنس میں ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اے ایم سی نے قدرتی آفات کے دوران فرض کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنگ اور امن کے دوران طبی سہولیات کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر میڈیکل کورکی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایم سی نے ملک اور بیرون ملک اپنی شاندار خدمات سرانجام دیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن واریئرز رہے ہیں جبکہ انہوں نے پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور فلاح کیلئے مثالی عزم کیساتھ خدمات سرانجام دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔