جماعت اسلامی نے سندھ ترمیمی بلدیاتی بل مسترد کردیا

November 27, 2021

جماعت اسلامی نے سندھ ترمیمی بلدیاتی بل مسترد کرتے ہوئے اسےکراچی پر قبضے کا بل قرار دے دیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ بل اصل میں کراچی پر قبضے کا بل ہے، کراچی کے لیے بااختیار شہری حکومت کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل سندھ حکومت نے اسمبلی کے تمام رولز بلڈوز کر کے بلدیاتی بل منظور کروایا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اپنی عددی برتری کا ناجائز فائدہ اٹھاکر اتنا اہم بل منظور کروایا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سندھ بلدیاتی ترمیمی بل کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے خلاف ہے اس سے تعصب اور لسانیت کی بو آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بل سے مالی و انتظامی اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہوں گے۔