کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ، محکمہ صحت کا بوسٹر ڈوز کو لازم کرنے کا فیصلہ

November 28, 2021

کراچی (بابر علی اعوان/اسٹاف رپورٹر) دنیا میں کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ سامنے آنے پر محکمہ صحت سندھ نے بوسٹر ڈوز کولازم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ وہ تمام افراد جنہیں ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں انہیں فائزر کی ویکسین بوسٹر ڈوز کےطور پر لگائی جائے گی ۔ صوبائی سیکریٹری صحت ذوالفقار علی شاہ نے جنگ کو بتایا کہ سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے پہلے سے ویکسی نیٹڈ تمام افراد کو بوسٹر ڈوز لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے لئے ویکسین منگوائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بوسٹر ڈوز جو اس وقت تک جناح اسپتال اور ڈاؤ اوجھا اسپتال میں لگ رہی ہے اس کا دائرہ پورے سندھ تک پھیلاجائے گا اور پورے صوبے میں ویکسین لگائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بوسٹر ڈوز کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی اس لئے جو افراد پہلے ویکسین لگوا چکے ہیں وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور جنہوں نے ویکسین نہیں لگائی وہ اپنے اور اپنے پیاروں کی زندگی کے لئے ویکسین ضرور لگوائیں۔