پاکستان آئی ایم او کے مقاصد کیلئے تعاون کررہا ہے ،معظم احمد خان

November 28, 2021

لندن(جنگ نیوز) ہائی کمشنر معظم احمد خان نے 25 نومبر 2021 کو لندن میں آئی ایم او ہیڈ کوارٹرز میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کو پاکستان کے مستقل نمائندے کے طور پر سیکرٹری جنرل Kitack Lim کو اپنی اسناد پیش کیں۔ ہائی کمشنر نے سیکرٹری جنرل کو میری ٹائم آپریشنز کے شعبے میں پاکستان کی جانب سے حاصل کیے گئے مختلف اہم کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف اور آئی ایم او کے مقاصد میں اس کے تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کو رواں سال دسمبر میں آئی ایم او کونسل کے 2022 اور 2023 کے دو سالہ انتخابات کے لیے پاکستان کی امیدواری کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکرٹری جنرل نے مختلف میری ٹائم معاملات پر ا پنے خیالات کا اظہار کیا اور IMO اور اس کے بنیادی مقاصد میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نے آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ مل کر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی جانب سے آئی ایم او کی عمارت میں مستقل تعیناتی کے لیے پیش کیے گئے جہاز ایم ٹی کراچی کے ماڈل کی نقاب کشائی کی۔ سیکرٹری جنرل کی طرف سے ماڈل کو بہت سراہا گیا۔