عدالتی حکم عدولی اور مداخلت پر دو پولیس افسران کو توہین عدالت کے نوٹس

November 28, 2021

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) سول جج راولپنڈی ناصر طور نے عدالتی حکم عدولی اور مداخلت پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی لیگل کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر تحریری جواب دینے کا حکم دےدیا ۔عدالت نے زیر سماعت پھانسی کی پٹیشن بعنوان (محمد اسحاق وغیرہ بنام فیڈریشن اتحاد) دائر درخواست کے حوالے سے سی پی او کے نام عدالتی حکم جاری کیا تھا تاہم ڈی ایس پی شازیہ فاضلی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن غضنفر نے بیلف کو سی پی او سے ملاقات کی اجازت نہیں دی کہ وہ اس پر کارروائی کرسکیں جس پر گزشتہ روز عدالت نے حکم عدولی، قانونی کارروائی میں رکاوٹ کا باعث بننے اور قانونی حکم کی توہین پر دونوں افسران کو ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہونے اور اپنا تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیا ۔ عدالت نے مزید کہا ہے کہ اس نوٹس کے انکار کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ تحریری جواب جمع کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور دوبارہ عدالت کے قانونی حکم کی نافرمانی کر رہے ہیں اور عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ۔