اسلام آباد کے سرکاری اساتذہ کا آج سے احتجاجی تحریک کا اعلان

November 29, 2021

اسلام آباد(وقائع نگار)لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے اور کالجز کو ایف ڈی ای سے لے کر فیڈرل کالج اور ایجوکیشن کو دینے کے خلاف تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے آج سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا، کل(منگل) سے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا،فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی طرف سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،2دسمبر کو پریس کلب تا پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی کے بعد دھرنا ہو گا جو آرڈیننس کی مکمل طور پر واپسی تک جاری رہے گا۔فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن، جوائنٹ ایکشن کمیٹی، وفاقی نظامت تعلیمات اسلام آباد کے چیئرمین فضل مولا اور وائس چیئرمین و فیڈرل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک امیر خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومتی آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کو کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں، ہم نے لائن آف ایکشن منظور کر لیا ہے جس کے تحت آج ( پیر) سے وفاقی نظامت تعلیمات و ایریا ایجوکیشن آفسز سمیت اسلام آباد کے 423تمام تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی محکمہ تعلیم کے تمام اسٹیک ہولڈرز نے تحریک کی کامیابی تک بھرپور تحریک چلانے پر اتفاق کیا۔