عمران بٹ بلوچستان کی قیادت سے مستعفی، شان اور عمر اکمل ٹیم میں شامل

November 30, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل ڈھائی سال بعد فرسٹ کلا میں ایکشن میں دکھائیدیں گے۔ وہ قائد اعظم ٹرافی کیلئے بلوچستان ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ پابندی اور جرمانہ ادا کرنے کے بعد وہ پہلی بار فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لیں گے۔ وہ دسمبر 2019 سے نہیں کھیل پائے ۔ عمر اکمل نے پابندی کے خاتمے کے بعد سیزن کے ابتدا میں سینٹرل پنجاب سیکنڈ الیون کی جانب سے چند میچز کھیلے تھے۔ ادھر اوپنر عمران بٹ بلوچستان کی قیادت سے دستبردار ہوگئے ہیں ، ان کی جگہ بسم اللہ خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران بٹ نے بیٹنگ پر توجہ دینے کے لئے کپتانی چھوڑی ہے، ان کا فیصل اقبال کیس سے کوئی تعلق ہے۔ قائد اعظم ٹرافی کا ساتواں رائونڈ منگل سے کراچی کے تین گرائونڈز میں شروع ہورہا ہے۔ شان مسعود کو گذشتہ میچ میں سندھ نے چھٹے رائونڈ کے بارہ کھلاڑیوں میں بھی شامل نہیں کیا تھا وہ اب بلوچستان ٹیم کی نمائندگی کرینگے۔ انہوں نے قومی ٹی ٹوئنٹی سندھ کی جانب سے کھیلا تھا لیکن انہیں مسائل کا سامنا تھا۔ پیر کو پی سی بی نے کہا ہے کہ شان مسعودکو بلوچستان کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ حیدر علی اور حارث رئوف نے ناردرن ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ افتخار احمد پاکستان ٹیم کی نمائندگی کے بعد خیبر پختون خواہ کی قیادت کریں گے۔