حال ہی میں بڑی اسکرین پر اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد ایک بار پھر ٹیلی ویژن پر واپسی کے لیے تیار پاکستان کی سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ میں اس واپسی کو لے کر کچھ خوفزدہ ضرور ہوں۔
سی این این کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم ’نیلوفر‘ کی اسٹار ماہرہ خان نے شوبز انڈسٹری میں اپنے تقریباً 15 سالہ سفر کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں اور قربانیوں پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ اس طویل سفر کے نتیجے میں مجھے بے پناہ محبت، عزت اور پذیرائی ملی۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ اگلے سال مجھے اس انڈسٹری میں 15 سال مکمل ہو جائیں گے اور اب میں دوبارہ ٹی وی پر واپس آ رہی ہوں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹی وی پر واپسی میرے لیے کسی حد تک خوف کا باعث ہے، میں اس بارے میں تھوڑی سی خوفزدہ ہوں، لیکن شاید یہی چیز اسے دلچسپ بناتی ہے کہ کوئی چیز آپ کو ڈرا رہی ہو۔
اپنے ساتھی اداکار فواد خان کے ساتھ اسکرین کیمسٹری سے متعلق بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ دونوں کو ایک ساتھ ملنے والی محبت اور عزت کسی نعمت سے کم نہیں، یہ ہمارے لیے ایک نعمت ہے کہ ہمیں ایک ساتھ اتنی محبت، عزت اور پذیرائی ملی۔
ماہرہ کا کہنا ہے کہ مجھ میں اور فواد خان میں سب سے بڑی مشترک بات ایک دوسرے کے فن اور ذاتی حدود کا احترام ہے، میں ایک فوری ردعمل دینے والی اداکارہ ہوں جبکہ فواد کا انداز مختلف ہے، مگر ہم ایک دوسرے کی رفتار اور احساسات کو سمجھتے ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنے طالب علمی کے دور کا بھی ذکر کیا جب وہ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں مقیم تھیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں گزارے گئے سالوں نے میری شخصیت پر گہرا اثر ڈالا، میں ہمیشہ امریکا کو کریڈٹ دیتی ہوں، کیونکہ وہاں گزارے گئے سال میری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں، خاص طور پر ایک پاکستانی لڑکی کے طور پر۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ میں ہر سال گرمیوں میں اپنے بیٹے کو امریکا لے جاتی ہوں اور اسے وہاں کی یادیں سناتی ہوں، کیونکہ وہ سال میری زندگی کے انتہائی اہم سال تھے۔