منڈی بہاء الدین، وکلا کا سیشن جج پر تشدد

December 01, 2021


منڈی بہاء الدین میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو سزا سنانے والے سیشن جج کو وکلا نے کمرہ عدالت میں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور گالم گلوچ کی۔

رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راؤ عبدالجبار کی مدعیت میں تھانا سول لائن میں وکلا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

سیشن جج نے مقدمے کی درخواست میں موقف اپنایا کہ ان کے کمرے میں وکیلوں نے گھس کر دھمکیاں دیں، وکلا نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کارروائی واپس لینے پر زور دیا، انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی پی او کو او ایس ڈی بنادیا گيا جبکہ ڈی ایس پی کو بھی عہدے سے ہٹادیا گيا ہے، تینوں افسران مقدمے میں نامزد ہیں۔

واضح رہے کہ سیشن جج نے 26 نومبر کو توہینِ عدالت پر منڈی بہاء الدین کے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو تین ماہ کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔