اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل طلب

December 01, 2021

ہالینڈ کی ڈائری/ راجہ فاروق حیدر
حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا۔ پاکستان پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے بعد اوورسیز پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اس وقت ایک محتاط اندازے کے مطابق80لاکھ سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں آباد ہیں اور سخت جانفشانی سے شب و روز محنت کرکے زرمبادلہ وطن بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط کررہے ہیں۔ حکومتی سطح پر ہمیشہ ہر حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف کیا اور ملکی معیشت بہتر کرنے میں ریڑھ کی ہڈی بھی کہا گیا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے اور فلاح و بہبود کے لیے عملی طور پر کچھ نہ کیا گیا، اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کے بہت سارے مسائل ہیں جو حل طلب ہیں۔ یہ بات حقیقت ہے کہ موجودہ حکومت جو اپنا اقتدار کا بیشتر حصہ گزار چکی ہے اس حکومت کو بھی مسند اقتدار تک پہنچانے میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا کردار ہے۔ اگر میں تفصیلات میں جائوں تو میرا کام طویل ہوجائے گا۔ میں بات کررہا تھا کہ موجودہ تحریک انصاف کی ہکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا جوکہ خوش آئند ہے۔ تاہم اوورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ہمیں ایوانوں میں نمائندگی بھی دی جائے۔ وطن عزیز میں موجودہ معاشی بدحالی کے دور میں بھی اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات بھیجی ہیں، اوورسیز پاکستانیز اپنے ملک کی ایسی انڈسٹری ہے جن پر حکومت کا کچھ خرچ میں آتا، ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے حکومت کو فی الفور توجہ دینی ہوگی۔ ان کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے مصیبت کی ہر گھڑی میں ہم وطنوں کا ساتھ دیا ہے۔ اس وقت ہالینڈ اور دیگر یورپی ممالک کورونا وائرس کے باعث بڑے کٹھن حالات سے دوچار ہیں۔ گزشتہ دنوں افریقی ممالک سے60مسافروں میں اومی کرون وائرس جوکہ ایک نئی مہلک قسم ہے پائی گئی، ان تمام مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا گیا۔ نیدر لینڈ میں اس وقت کورونا وائرس کے روزانہ مثبت کیسز کی تعداد23ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ یورپی ممالک نے کورونا وائرس میں بے تحاشہ اضافے کے باعث پابندیاں عائد کردی ہیں۔ہا لینڈ کے وزیراعظم مسٹر روٹ اور وزیر صحت نے بھی پابندیوں کا اعلان کردیا، جس میں ماسک کا استعمال، آپس میں ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ، شاپس، ریسٹورنٹس، کیفوں اور اسٹورز کے اوقات شامل تھے۔ ہالینڈ حکومت نے بہت سارے افریقن ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کردی۔ کورونا وائرس کی موجودہ شدید لہر کی وجہ سے ہالینڈ کے شہریوں میں شدید تذبذب پایا جارہا ہے، عرصہ دراز کے بعد حالات معمول پر آرہے تھے۔ لوگوں کو اطمینان تھا کہ ویکسین لگ چکی ہے اور اب ہم محفوظ ہیں۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کل22ہزار ایک سو93افراد کے کیسز مثبت آئے جبکہ گزشتہ ہفتے ایک لاکھ ستاون ہزار540افراد کے کیسز مثبت آئے۔ یاد رہے ہالینڈ17ملین افراد پر مشتمل ملک ہے۔ اللہ تعالیٰ رحمت اللعالمینﷺ اور آپﷺ کی آل پاک کے صدقے تمام انسانیت پر رحم کرے اور دنیا کو ایسی وبائوں سے محفوظ رکھے۔