اوورسیز کوووٹ کاحق دیناخوش آئند ہے، یونس منہاس

December 03, 2021

کوونٹری (وقار ملک) کوونٹری کی معروف سماجی شخصیات چوہدری یونس منہاس اور چوہدری احمد علی منہاس نے کہا ہے کہ اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے سے قبل ان کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دی جائے، زمینوں پر قبضہ اور عدالتوں میں زیر التوا کیسز نے اوورسیز پاکستانیوں کو مایوس کر دیا ہے جو اب اپنی سوہنی دھرتی میں سرمایہ کاری کرنے پر بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنی سوہنی دھرتی سے دل و جان سے پیار کرتے ہیں، وہ اپنے پاکستان پر جان بھی نچھاور کر سکتے ہیں جو اپنے ملک کے ساتھ بے حد مخلص ہیں ،حکومت ان کے مسائل کی طرف توجہ دے ،ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ ان کی قربت مزید بڑھے، نادرا کو مزید فعال بنایا جائے، دشواریاں اور رکاوٹیں دور کی جائیں، انھوں نے کہا کہ ووٹ کا حق دینا خوش آئند ہے لیکن اس سے قبل انھیں یہ یقین دلایا جائے کہ انھیں پارلیمنٹ میں بھی جگہ دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اوورسیز پاکستانی پر بلاجواز اور لاتعداد ٹیکس نافذ کر دئیے گئے ہیں، انہیں اپنے ملک ایک موبائل فون تک لے جانے کی اجازت نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن کو ملکی ترقی و استحکام کے لئے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کر نا چاہئے تاکہ وطن عزیز علامہ اقبالؒ اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خوابوں کی حقیقی تصویر بن سکے کیونکہ پاک وطن کے جوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور وہ بیرونی ممالک میں بھی اپنے جوہر دکھا رہے ہیں،ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے ہی اس کی تعمیر اور ترقی کے لئے مل کر کام کر نا ہے، جہاں تک بیرون ملک پاکستانیوں کا تعلق ہے تو اوورسیز پاکستانی کام کرنا عبادت سمجھتے ہیں اور یہ عبادت کرکے ہمیں بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔،انھوں نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو خوش اور مسائل سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں، اس کے لیے ہماری بہترین کوششیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کل بھی تھیں اور آج بھی جاری ہیں۔ ہمارے ارادے وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد ہماری کوششیں کامیاب ہوں گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنا بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے ،اس لیے کوونٹری میں کمیونٹی کا اکٹھ کیا جاتا ہے تاکہ آپس میں پیار محبت کی فضا قائم رہے۔