لندن میں مشکوک پیکیج ملنے پر ایمرجنسی اقدامات کرتے ہوئے وسطی لندن میں واقع پارلیمنٹ اسکوائر اور مل بینک کو اچانک بند کر دیا گیا۔
علاقے میں لاک ڈاؤن کر کے بم اسکواڈ کے عملے کو تعینات کیے جانے پر لوگوں میں ہلچل مل گئی۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق میٹ پولیس افسران کو نائف ایج مجسمے کے قریب موجود مشکوک پیکیج کے بارے میں الرٹ ملا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے عوام کو کالج گرین پارک سے نکال کر خالی کرا لیا گیا۔
میڈیا ٹاک کرنے والے شیڈو ڈیفنس سیکریٹری جیمز کارٹلیج کو بھی فوری طور پر باہر نکالا گیا جبکہ ریموٹ کنٹرول بم ڈسپوزل گاڑی جائے وقوع پر گشت کے لیے بھیجی گئی۔
جیول ٹاور سے مل بینک ہاؤس تک علاقے کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا، تاہم چیکنگ اور تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مشکوک پیکیج ایک کرسمس کارڈ باکس تھا جو ایک ممبر پارلیمنٹ کے لیے بھیجا گیا تھا۔