نائیجریا میں کشتی ڈوبنے سے 29 افراد جاں بحق

December 03, 2021

ابوجا ( نیوز ڈیسک) نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست کانو میں کشتی اْلٹ جانے کے باعث 29 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گنجائش سے زیادہ مسافروں سے بھری کشتی میں 42 افراد سوار تھے۔ ان میں سے زیادہ تر 8 سے 15 سال کی درمیانی عمر کے بچے تھے۔ کانو ریاست کی فائرسروسز نے ایجنسی کے ترجمان سامینو عبداللہی نے بتایا کہ کشتی کو گنجائش سے زیادہ بھرا گیا تھا،جس کے باعث وہ اْلٹ گئی۔ امدادی اہل کار 7مسافروں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے، جب کہ 13لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ شمال مغربی ریاست کانو کے دریا بگوائی میں پیش آیا۔ ڈوبنے والی کشتی میں 42افراد سوار تھے،جب کہ ہلاک ہونے والوں میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ کشتی الٹنے کے بعد مسافروں کو یخ پانی کا سامنا کرنا پڑا اور چند افراد سردی سے ٹھٹھر کر مرگئے۔ امدادی کاموں کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے 29 لاشیں نکالیں۔ کشتی میں سوار بچے اپنے گاؤں سے بگوائی ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ واضح رہے کہ نائیجریا میں کشتی ڈوبنے کے واقعات عام ہیں اور زیادہ تر کشتیاں گنجایش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانے یا کشتیوں کی ابتر صورت حال کے باعث ڈوب جاتی ہیں۔اس سے قبل اگست میں نائیجیریا ہی میں کشتی ڈوبنے سے 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے،جب کہ 29 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ حادثہ نائیجیریا کی ریاست سوکوٹو کے ضلع گاندھی کے ایک دریا میں پیش آیا تھا اور حادثے کی وجہ کشتی پر گنجایش سے زیادہ افراد کی موجودگی تھی۔ گزشتہ ماہ بھی ریاست جیگاوا میں کشتی ڈوبنے سے 7 بچیاں ڈوب کر ہلاک ہوگئی تھیں۔ مقامی حکام کے مطابق ڈوبنے والی تمام لڑکیوں کی عمریں 10سے 12 برس کے درمیان تھیں۔