پشاور اور نوشہرہ میں بلدیاتی امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع

December 04, 2021

پشاور(سید سبز علی شاہ، نمائندہ خصوصی)پشاور اور نوشہرہ میں ہونیوالے بلدیاتی الیکشن میں ہیوی ویٹ امیدوار میدان میں آنے سے انتخابی سرگرمیوں نے دلچسپ شکل اختیار کر لی۔ میٹرو پولٹین پشاور کے میئر کے الیکشن کے لئے سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین و سابق ناظم اعلیٰ پشاور سٹی ڈسٹرکٹ حاجی غلام علی کے صاحبزادے حاجی زبیر علی کی کامیابی کے لئے حاجی غلام علی، سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالجلیل جان اور کئی تاجر رہنمائوں کی طرف سے انتخابی مہم تیز کر دی گئی جبکہ سابق وزیراعلیٰ ارباب جہانگیر خان کے نواسے اور سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر خان خلیل کے صاحبزادے ارباب زرک خان خلیل کی کامیابی کے لئے ارباب عالمگیر خان سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر ایوب شاہ ایڈوکیٹ خواجہ یاور نصیر ذوالفقار افغانی منیر کامریڈ اور سرتاج خان دوران پور کی طرف سےانتخابی مہم تیز کر دی گئی تحصل چمکنی کے چیئرمین کے الیکشن میں اے این پی کے امیدوار ارباب عامر خان کی کامیابی کے لئے جان دوست ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ ارباب عثمان خان قومی اسمبلی کے سابق ممبر و سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل پشاور ارباب سعد اللہ خان صوبائی اسمبلی کے سابق ممبر ثاقب اللہ خان چمکنی راحت اللہ خان چمکنی ذوالفقار چمکنی صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار ارباب طاہر ندیم اور انور حیدری کی طرف سے انتخابی مہم تیز کر دی گئی۔ تحصیل نوشہرہ کے چیئرمین کے الیکشن کے لئے وفاقی وزیر پرویز خٹک کے صاحبزادے اسحاق خٹک اور سابق تحصیل ناظم احد خٹک میدان میں آ گئے ہیں پیپلز پارٹی کی طرف سے وفاقی وزیر پرویز خٹک کے صاحبزادے کو ناک آئوٹ کرنے اور احد خٹک کی کامیابی کے لئے جماعت اسلامی سے اتحاد کر لیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ اور جے یو آئی سے بھی اتحاد کے لئے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔