وزیراعلیٰ پنجاب نے اوورسیز پاکستانیز کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کا قلع قمع کردیا، طارق محمود الحسن

December 05, 2021

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن (پی او پی سی) کے وائس چیئرمین سیدطارق محمود الحسن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اثاثوں پر قبضہ کرنے والے مافیا کا قلع قمع کر دیا ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ تین برسوں میں بلا خوف و خطر کام کرنے والی اس مافیا سے نمٹنے کیلئے سخت محنت کی، جس نے اوورسیز پاکستاننیز، خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں چوری کرنے کو اپنا پیشہ بنا رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیر (خصوصاً برطانیہ سے تعلق رکھنے والوں) کی شکایت میں کمی آئی ہے اور شکایت کنندگان کے اطمینان کے مطابق ہزاروں کیسز کے بیک لاگ کو کلیئر کر دیا گیا۔ سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی متعارف کرائی ہے۔ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیز کیلئے پاکستان کے کسی بھی رہنما سے زیادہ کام کیا اور اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیز کو بااختیار بنانے اور انہیں پاکستان کے معاملات میں زیادہ رائے دینے کیلئے ووٹ کا حق دینے کی تحریک کی قیادت کی۔