یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، 40 ہزار میٹرک ٹن چینی خریداری کا ٹینڈر جاری

December 05, 2021

اسلام آباد ( عاطف شیرازی) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مقامی سطح پر چینی کی خریداری کا عملبحال کردیا-چالیس ہزار میٹرک ٹن چینی خریدنے کیلئے ٹینڈر جاری کردیا گیا-شوگر ملز اور فرمز سے اکیس دسمبر تک لفافہ بند بولیاں طلب کی گئی ہیں-کارپوریشن نے درآمدی چینی کے باعث مقامی سطح پر چینی کی خریداری کا عمل روک دیا تھا, بولیاں اکیس دسمبرکے روز ہی کھولی جائیں گی-چینی کی خریداری ایکس مل ریٹ اور فوری ادائیگی پر کی جائے گی-ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے درآمدی چینی کے باعث مقامی سطح پر خریداری کا عمل روک دیا تھا-اب چینی کی درآمد نہیں ہورہی اور مقامی سطح پر چینی کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے اس لئے چینی خریدنے کا عمل شروع کیا گیا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مقامی چینی خریدنے کا آخری ٹینڈر اس سال پندرہ جون کو جاری کیا تھاجس کے تحت چالیس ہزار میٹرک ٹن چینی جولائی میں نوے روپے فی کلو کے حساب سے خریدی گئی تھی تاہم اخراجات ملاکر ادارے کو چینی ایک سو روپے فی کلو میں پڑی تھی-وزیر اعظم ریلیف پیکچ کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر اس وقت چینی کی قیمت پچاسی روپے فی کلو مقرر ہے، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پچیس ارب روپے سے زائد مالیت کی دو لاکھ اڑتالیس ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کی گئی تھی۔