کنگنا رناوت کا اپنی گاڑی پر پنجاب میں کسانوں کے حملے کا الزام

December 05, 2021

ممبئی ( آن لائن ) بولی وڈ کوئن کنگنا رناوت کی گاڑی کو بھارتی پنجاب میں ہجوم نے گھیرلیا اور ایک خاتون نےانہیں بولنے سے پہلے سوچنے کا مشورہ دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت جنہوں نے حال ہی میں کسانوں سے متعلق 3 قوانین کی منسوخی پر اعتراض کیا تھا، انہوں نے اپنی گاڑی پر پنجاب میں کسانوں کے ہجوم کے حملے کا الزام لگایا ہے۔بولی وڈ کی کوئن نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اسٹوری شیئر کی ہے، جس کے مطابق ریاست پنجاب کے شہر کیرت پور صاحب میں چندی گڑھ ہائی وے پر مشتعل کسانوں نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی،۔ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں کنگنا رناوت نے بتایا کہ ’جیسے ہی میں پنجاب میں داخل ہوئی، ایک ہجوم نے میری گاڑی پر حملہ کردیا، وہ کہہ رہے تھے ہم کسان ہیں۔ویڈیو کلپ میں ہجوم کو مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے تاہم اس کا باقی حصہ ناقابل فہم ہے۔ایک اور ویڈیو میں کنگنا رناوت نے بتایا کہ وہ ہماچل پردیش سے پنجاب پہنچی تو ایک ہجوم نے انہیں گھیر لیا، جو خود کو کسان کہہ رہے تھے، انہوں نے مجھ پر حملہ کیا، مجھے گندی گالیاں دیں اور جان سے مار دینے کی دھمکی بھی دی، اس ملک میں سرعام ہجوم حملہ آور ہورہے ہیں۔انہوں نے اس صورتحال کو ناقابل یقین قرار دیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ان کے پاس سیکیورٹی نہ ہوتی تو کیسا ہوتا؟۔ بولی وڈ کی کوئن نے کہا کہ اتنی ساری پولیس میں بھی میری گاڑی کو نکلنے نہیں دیا جارہا تھا، میں پوچھتی ہوں کیا میں سیاستدان ہوں؟ یا کوئی پارٹی چلاتی ہوں؟ یہ ناقابل یقین ہے۔انہوں نے دعویٰ کے ساتھ یہ بھی کہا کہ لوگ سیاسی وجوہات کے باعث اْن کا نام استعمال کررہے ہیں، اگر پولیس نہ ہوتی تو ہجوم مجھ پر حملہ آور ہوجاتا، ایسے کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔