فواد خان نے ’دلبر میرے‘ گا کر 40ویں سالگرہ کی تقریب کو چار چاند لگادیے

December 06, 2021

پاکستانی اداکارفواد خان نے بھارتی گلوکار کشور کمار کا گانا ’دلبر میرے‘ گا کر اپنی 40ویں سالگرہ تقریب کو چار چاند لگادیے۔

فواد خان نے اپنی 40ویں سالگرہ ایک یاٹ پر منائی، جس میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ کئی بڑے ناموں نے شرکت کی۔

پاکستانی اداکار نے کشور کمار کا 1982 کی فلم ’ستے پے ستا ‘ کا مشہور گانا ’دلبر میرے‘ اپنی مدھر آواز میں سنایا تو وہاں موجود ہر ایک پر جیسے سحر طاری ہوگیا۔

بھارتی فلم میں یہ گانا لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ہیما مالنی پر فلمایا گیا ہے، جو آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔

فواد خان جن کی اس سے قبل بھی امیتابھ بچن پر فلمائے گئے گانوں کی ویڈیو سامنے آچکی ہیں، نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی سالگرہ کے اس یاد گار لمحے کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے فواد خان جنہوں نے نیلے رنگ کی پتلون، سن گلاسز کے ساتھ سیاہ سویٹر زیب تن کررکھا ہے، وہ یاٹ کی سیڑھیوں پر بیٹھے ہیں اور مائیک اُن کے ہاتھ میں ہے۔

اس موقع پر اسٹرنگز گلوکار فیصل کپاڈیہ، زندگی گلزار ہے کی ساتھی اداکارہ صنم سعید، محب مرزا اور فواد خان کی اہلیہ سمیت شوبز صنعت کے بڑے نام وہاں موجود رہے۔

اس سے قبل فواد خان کی سالگرہ کا دعوت نامہ سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے مہمانوں کے لیے تقریب میں شرکت کے لیے کچھ دلچسپ ہدایات جاری کیں۔

دعوت نامے پر دی گئی خصوصی ہدایات میں لکھا گیا کہ’ آپ پارٹی میں اپنی پسند سے ہر طرح کی تفریح کرسکتے ہیں، لیکن یاد رکھیں، لانڈری، سپا، سلون، ٹرانسپورٹیشن، کھانا کسی بھی ریستوران سے منگوانا ہوتو خود خریدنا پڑے گا!‘