میرے دماغ میں ایسی سوچ ہے جس سے ملک کو کامیاب بناسکتے ہیں، آصف زرداری

December 06, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ملک بہت بڑی سازش سے دوچار ہے، دنیا پاکستان توڑنا چاہتی ہے، اب بھی میرے دماغ میں ایسی سوچ ہےجس سے ملک کو کامیاب بناسکتے ہیں۔

لاہور کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی نمایاں کارکردگی پر آصف زرداری نے کارکنوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔

اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں بھٹو اور پیپلز پارٹی نہ ہو، کل کے الیکشن میں آپ نے زبردست اور بہت اچھا رزلٹ دیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن پیپلز پارٹی کے لیے مشکل نہیں، ہماری اپنی کمزوریاں ہیں، مجھے گزشتہ روز کے ضمنی انتخابات میں ہمارے امیدوار کے ووٹ 50 ہزار تک ہونےکی توقع تھی۔

سابق صدر نے کہا کہ دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے ہم پاکستان کے لیے لڑیں گے، ہم پاکستان کے لیے ان سے لڑیں گے، ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے پاکستان کو کامیاب ملک بنانا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن ہمارے لیے مشکل نہیں تھا، ہماری اپنی کمزوریاں آڑے آجاتی ہیں، کل کے الیکشن میں ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا تو ہمارے 50 ہزار ووٹ ہوتے۔

سابق صدر نے کہا کہ ہم نے آر او الیکشن بھی دیکھے ہیں، جو پاکستان میں مرنا نہیں چاہتا، اس کا اس دھرتی میں کیا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ورکر بچیاں بھی آصفہ کی طرح پارٹی کے لئے لڑتی ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ میاں صاحب نے اقتدار میں آنے کے بعد حلقے چھوٹے کیے، ورنہ جب یہ بڑا حلقہ تھا یہاں سے بی بی بھی جیتی تھیں، ہم پھر اقتدار میں آکر حلقے بڑے کریں گے۔