انصاف اور قانون کی بالادستی حکومت کی اولین ترجیح ہے، فضل شکور خان

December 07, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے قانون فضل شکور خان نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جیسا کہ تحریک انصاف کا نام ہی ملک میں انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت قانون کی بالادستی کے لیے پر عزم ہے اور اس مقصد کے لیے ہم نے نئے قوانین اور اصلاحات متعارف کروائے ہیں۔ جبکہ انصاف تک رسائی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر ہماری خصوصی توجہ مرکوز ہے اور اس ضمن میں مختلف معلوماتی ایپس اور پورٹل بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این جی اوز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر آکسفیم اور لاسونہ این جی اوز کے نمائندوں کے علاؤہ محکمہ قانون کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیر قانون نے کہا کہ ہم سول سوسائٹیز کے ساتھ مل کر انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لیے کام کررہے ہیں اور اس شعبے میں صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سول سوسائٹیز کے کام اور کردار کو سراہتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی اور ہر ممکن مدد کی جائے گی۔فضل شکور خان نے کہا کہ آکسفیم اور لاسونہ این جی اوز کا کام قابل ستائش ہے ۔