ہر یونین کونسل میں کھیل کا میدان

December 08, 2021

صحت مند دماغ کے لیے صحت مند جسم کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ رکھ سکتا ہے۔ اگر آدمی کی صحت اچھی نہ ہوگی، جسم بیماریوں کا گھر ہوگا تو قدرتی بات ہے کہ وہ دماغی سکون بھی حاصل نہیں کر سکے گا۔اِس لیے ایک صحت مند جسم اورصحت مند زندگی کے حصول کیلئے کھیل نہایت ضروری ہیں لیکن بد قسمتی سے مناسب سہولتیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ہاں بیشتر افراد ایسی سرگرمیوں سے دور رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ جسمانی طور پر بھی جلدی مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ کھیل کے میدانوں اور دیگر سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل صرف اسمارٹ فونز اور وڈیو گیمز تک محدود ہو کر رہ گئی ہے،اپنے ارد گرد جہاں نظر دوڑ ا ئیں نوجوانوں کی انگلیاں اسمارٹ فون پر چلتی نظر آتی ہیں، یہ طرز زندگی ہمارے میدانوں کو غیر آباد کر کے گیم زون کو آباد کررہا ہے جس کے مضر اثرات صحت پر مرتب ہورہے ہیں۔ اسمارٹ فونز پر اِن گیمز کا حصول بہت آسان ہوگیا ہے۔ اِس وقت پاکستان کی 70فیصد سے زائد آبادی 30سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ بےہنگم شہری آبادیوں میں کھیل کے میدانوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ اپنی توجہ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں پر مرکوز کرنے کی بجائے جرائم کی طرف راغب ہوتی ہے۔اِس صورتحال کے پیش نظر پیر کے روز وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اسپورٹس ڈرائیو پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ہر یونین کونسل میں ایک کھیل میدان بنایا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شمولیت کے حوالے سے حوصلہ افزائی کی جا سکے۔اِس پروگرام کے تحت حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے، ہمارے تعلیمی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ طلبا کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں مناسب بندوبست کریں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998