کورنگی اسٹیڈیم کی جگہ دکانوں کی تعمیر، کمشنر، ڈی جی ایس بی سی اے کو نوٹس

December 08, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کورنگی اسٹیڈیم کی جگہ دکانیں بنانے کے خلاف درخواست پرکمشنر کراچی اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت دیگر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردئیے، جبکہ درخواست گزار سے مذکورہ درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے دلائل بھی طلب کر لیے، سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کورنگی میں راشد لطیف اسپورٹس اکیڈمی کی جگہ کورنگی اسٹیڈیم بنایا گیا تھا اور اب کورنگی اسٹیڈیم کو ختم کرکے وہاں دکانیں بنا کر لائٹ ہائوس متاثرین کو کورنگی اسٹیڈیم میں آباد کیا جا رہا ہے،کورنگی اسٹیڈیم رفاحی اراضی ہے اس اراضی کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال میں نہیں لایا جا ہو سکتا ہے، استدعا ہے کہ کورنگی اسٹیڈیم میں ہونے والی کمرشل سر گرمیوں کو روکا جائے۔