ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ جب تک قانون میں میئر کا کردار واضح نہیں ہو گا، کمیونٹی پولیسنگ نظام مؤثر نہیں ہو سکتا۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 28 ویں آئینی ترمیم میں ملک میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کے فیصلے ہونے چاہئیں۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا ہے کہ موجودہ آبادی کے لحاظ سے بڑے صوبے انتظامی بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بہتر حکمرانی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا آئینی ترمیمی بل آرٹیکل 148 سے متعلق 28 ویں ترمیم میں شامل کیا جائے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے بغیر امن و امان کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔