ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سندھ نے سرکاری جامعات میں انتظامی اسامیوں پر موجود اساتذہ کو ہٹانے کی ہدایت کر دی۔
ایچ ای سی سندھ نے سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز سمیت تمام انتظامی اسامیوں سے اساتذہ کو 8 دن میں ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
وائس چانسلرز کو جاری کیے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جامعات میں انتظامی عہدوں پر تعیناتیاں عدالتی حکم کے مطابق کی جائیں۔
ایچ ای سی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں نتائج کی ذمے دار خود یونیورسٹی انتظامیہ ہو گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیکلٹی ممبر کو انتظامی یا غیر تدریسی عہدوں پر تعینات کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہو گا۔
ایچ ای سی سندھ نے تمام جامعات میں اضافی چارجز، او پی ایس اور عبوری انتظامی نظام فوری طور پر ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ خالی انتظامی اسامیوں پر قانون کے مطابق باقاعدہ تقرریاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری جامعات میں 30 سے زائد اساتذہ رجسٹرار، ناظم امتحانات سمیت انتظامی عہدوں پر موجود ہیں۔