فنکاروں کے لباس بدلنے کی ویڈیو کیس میں خوشبو کی عبوری ضمانت منظور

December 08, 2021

لاہور کی مقامی عدالت نے تھیٹر میں اسٹیج اداکاراؤں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے کے کیس میں اداکارہ خوشبو کی عبوری ضمانت 21 دسمبر تک منظور کر لی۔

لاہور کی مقامی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج نے اداکارہ خوشبو کی ضمانت پر سماعت کی۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ وہ شامل تفتیش ہونا چاہتی ہیں لیکن انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اداکارہ خوشبو کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

ایف آئی اے نے تھیٹر مالک ملک طارق محمود کی درخواست پر مقدمہ درج کیا۔

عدالت نے اسی کیس میں منگل کے روز تھیٹر ڈائریکٹر اجمل، سمیع اللّٰہ اور عمران اختر کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ نے گرفتار ملزم کاشف کے اعترافی بیان پر اداکارہ خوشبو کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

ملزم کاشف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فنکاروں کے لباس بدلنے کی ویڈیو اداکارہ خوشبو کے کہنے پر بنائیں۔

ایف آئی اے کو دیے گئے بیان میں ملزم کا مزید کہنا تھا کہ اداکارہ خوشبو کی تھیٹر مالک ملک طارق اور دیگر فنکاروں سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔

ملزم کاشف نے یہ بھی کہا تھا کہ اداکارہ خوشبو نے مجھے اداکاراؤں کی کپڑے بدلتے ویڈیو بنانے پر معاوضہ بھی دیا تھا۔