فائزر کی بوسٹر خوراک اومی کرون کے خلاف موثر دفاع ہے، فائزر

December 09, 2021


فائزر کی کورونا ویکسین کی بوسٹر خوراک دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جنوبی افریقی ویرینٹ کے خلاف مؤثر دفاع کرتی ہے۔

امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کورونا ویکسین کی ایک بوسٹرخوراک نئے ویرینٹ اومی کرون کے خلاف ایک مؤثر دفاع ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے حال ہی میں کی گئی تحقیق کے نتائج کے بعد کہا ہے کہ ویکیسن کی تین خوراکیں اومی کرون کے خلاف اتنی ہی اینٹی باڈیز بنانے میں کامیاب ہو ئی ہیں جو دو خوراکیں دیگر کورونا اقسام کے خلاف بناتی ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے بھی یہ بیان سامنے آچکا ہے کہ موجودہ ویکسینز اومی کرون کے خلاف مؤثر ثابت ہوں گی۔

فائزر کے چیف ایگزیکٹیو البرٹ بورلا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اومی کرون کے خلاف ایک مخصوص ویکسین تیار کر رہے ہیں جو 100 دنوں کے اندر ڈیلیوری کے لیے تیار ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا، یہ کیس کراچی کے نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا ہے۔

نجی اسپتال نے خاتون مریضہ میں اومی کرون کی تصدیق کی ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کے حکام کے مطابق متاثرہ خاتون بیرونِ ملک سے آئی ہیں اور کورونا پازیٹو ہیں۔