ٹریفک حادثات میں 5 افراد، دیوار گرنے سے بچی جاں بحق

January 15, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ٹریفک حادثات میں 5 افراد،دیوار گرنے سے بچی جاں بحق،سپر ہائی وے پر بس الٹنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق شیریں جناح کالونی پیٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں2 افراد جاں بحق ہوگئے،جن کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں، جاں بحق شخص کی شناخت 35سالہ بابا میرکے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوسکی،سپرہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے مو ٹر سائیکل سوار 43سالہ زاہد شاہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ،کورنگی صنعتی ایریا جام صادق پل کے قریب تیز رفتار پک اپ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نو جوان سہیل موقع پر جاں بحق ہو گیا،سپرہائی وے ٹول پلازہ کے قریب تیزرفتار ٹریلر نے ٹرک کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور 25سالہ سجاد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ،علاوہ ازیں سپرہائی وے پر ٹول پلازہ سے سہراب گوٹھ جاتے ہوئے ٹیکسٹائل مل کے ملازمین کی بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی ،جس کے نتیجے میں بس میں سوار 8ملازمین جمال ،جمیل احمد ،زبیر ،اشرف ،اعجاز،عمران ،فرحان ایوب اور فرحان انیس زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال پہنچایا گیا، دریں اثنا ابراہیم حیدری میں گھر کی دیوار گرنے سے 3سالہ کبریٰ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی ،پولیس کے مطابق بچی اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ پڑوسیوں کے گھر کی دیوار اچانک گر گئی۔