اسٹاک مارکیٹ، اتار چڑھاؤ کے بعد استحکام، 100انڈیکس 45763 پر مستحکم

January 15, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤ کے بعد استحکام رہا اور 100انڈکس 45763؍پر مستحکم رہا، سرمائے میں 14ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ،کاروباری حجم میں گزشتہ روز کے مقابلے میں کمی ہوئی تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوکاروبار حصص میں اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی،کے ایس ای 100انڈیکس 45900پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد45700پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 14ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث55.42فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ابتدائی سیشن میں تیزی رہی جس کے باعث انڈیکس 45989.23پوائنٹس تک بڑھا تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس اس سطح پر برقرار نہ رہ سکا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 0.25پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 45763.20پوائنٹس سے بڑھ کر45763.45پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31270.84پوائنٹس سے بڑھ کر31329.44پوائنٹس پر بند ہوا تاہم 2.81پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 18001.32پوائنٹس سے کم ہوکر17998.51پوائنٹس ہو گیا۔