بنوں، دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز پر حملہ، فائرنگ، جوان شہید، میرانشاہ میں آپریشن، دہشتگرد ہلاک، 2 گرفتار

January 15, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی چوکی پر حملہ کیا اور فائرنگ ‏کے تبادلے میں 26سالہ سپاہی سرفراز علی شہید ہو گئے، دہشت گردوں نے حملہ 13 اور 14جنوری کی درمیانی رات کیا جس کا پاک فوج کے ‏جوانوں نےبھرپور جواب دیا، اُدھر میران شاہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جس میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے جبکہ مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے ایریا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ہلاک دہشتگرد کی شناخت زاہد عرف کوچی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا آئی ای ڈی بنانے کا ماہر تھا، تینوں دہشتگرد مقامی نہیں ہیں،تینوں دہشتگردوں کو ایک گھرمیں پنا ہ دی گئی تھی۔