سینیٹ اجلاس، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا بل پیش

January 17, 2022

سینیٹ اجلاس میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا بل پیش کردیا گیا، بل رانا محمود الحسن نے پیش کیا۔

رانا محمودالحسن نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے، جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی ہے۔

رانا محمود الحسن نے کہا کہ میں اس ایوان سے اپنے عوام کا حق مانگ رہا ہوں۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ جنوبی پنجاب سے متعلق دو تہائی اکثریت سے بل منظور کیا ہوا ہے۔

یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کا بل منظور ہوچکا ہے ، کسی بھی نام سے جنوبی پنجاب کا صوبہ بنایا جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے پر ہم ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں، اس پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب حقیقت اختیار نہیں کرسکا کیونکہ قانونی رکاوٹیں سامنے آتی ہیں، آئیے مل کر راستہ تلاش کرتے ہیں، تیسری بڑی جماعت مسلم لیگ ن سے بھی بات کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے جنوبی پنجاب سےمتعلق بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔