گلوکارہ لتا منگیشکرکی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، بھارتی وزیر صحت

January 18, 2022

ممبئی(این این آئی)بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے وزیر صحت نے لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی صحت سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر وزیر صحت راجیش توپ کا کہنا تھاکہ گلوکارہ لتا منگیشکرکی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے لیکن تاحال وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انہوں نے بریچ کینڈی اسپتال کے حکام سے بات کی ہے اور حکام نے انہیں گلوکارہ کی صحت کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے اسپتال کے ترجمان سے کہا کہ گلوکارہ کی صحت کے بارے میں آگاہ کریں کیونکہ مداح ان کی صحت کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین ہیں۔ گلوکارہ لتا منگیشکر کی جلد صحتیابی کے لئے ان کے گھر میں مہا پوجا کا اہتمام کیا گیا ۔لتا منگیشکر کی صحت سے متعلق ان کی بہن اور معروف گلوکارہ آشا بھوسلے کا کہنا ہے کہ ’لتا کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور اسی مقصد کے لئے گھر میں مہاپوجا کا اہتمام کیا جارہا ہے‘۔آشا بھوسلے کا کہنا ہے کہ لتا کے گھر پر مستقل طور پر ان کی صحتیابی کے لئے پوجاکا سلسلہ جاری ہے اور ان کے لئے دعائیں کی جارہی ہیں۔92 سالہ گلوکارہ لتا منگیشکر کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی صحت میں معمولی بہتری آئی ہے جو کہ اچھی خبر ہے تاہم ان کا علاج جاری ہے۔خیال رہے کہ گلوکارہ کی خراب طبیعت کے باعث ا کے مداح کافی پریشان ہیں اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعائیں کی جارہی ہیں تاہم ان کے اہل خانہ نے ذاتی زندگی میں دخل اندازی نا کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔