سانحہ مری، کمیٹی نے رپورٹ تیاری کیلئے مزید وقت مانگ لیا، داخلے پر پابندی ختم

January 18, 2022

مری(مانیٹرنگ نیوز، خبرایجنسی)سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے دی گئی ڈیڈلائن کا آخری دن بھی گزر گیاتاہم تحقیقات مکمل نہ ہوسکی،کمیٹی نے رپورٹ تیاری کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔

انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع کردیا اور بانسرہ گلی، بھوربن روڈ پرعمارتیں سیل اورگرانے کا عمل جاری ہے، دوسری جانب مری میں داخلے پر عائد پابندی بھی ختم کردی گئی ۔ذرائع تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق تحقیقات مکمل نہ ہونے پر کمیٹی نے مزید 5 روز کا وقت مانگ لیا ہے۔

کمیٹی نامکمل رپورٹ کسی صورت جمع نہیں کرواناچاہتی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق سے صرف چند افسران اور حکام کے بیانات ریکارڈ ہوسکے ہیں،پنجاب سیکریٹریٹ اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ معاملے کو انتہائی غیرسنجیدہ لیتی رہی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور کا کہنا ہے کہ سانحہ مری پر تحقیقاتی رپورٹ اپنے آخری مراحل میں ہے، ایک دو دن میں مکمل کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کردی جائے گی۔

اُدھر مری انتظامیہ کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔