شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کی ویڈیو کیخلاف شکایت درج کروادی

January 22, 2022

کراچی(این این آئی)اداکارہ نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ بنائی گئی وائرل ویڈیو پر شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کیخلاف شکایت درج کروادی ۔یہ تنازع انسٹاگرام پر نادیہ خان کی شرمیلا کی والدہ انیسہ کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد شروع ہوا تھا، یہ ویڈیو صبور علی کی شادی میں نادیہ نے ریکارڈ کی تھی جس میں وہ انیسہ کے میک اپ کی تعریف کر رہی تھیں اور ان سے پوچھ رہی تھی کہ انہوں نے یہ سب کرنا کہاں سے سیکھا، انیسہ نے معصومیت سے ان کے تمام سوالوں کا جواب دیا۔نادیہ کی طنزیہ تعریف کی یہ مختصرکلپ سوشل میڈیا پر خاصاوائرل ہوئی تھی، سوشل میڈیا صارفین ایک بزرگ خاتون کی توہین کرنے پر مشتعل ہو ئے اور پوسٹ پر تبصرہ کیا کہ نادیہ کا مقصد صرف انیسہ کے اسٹائل پر تنقید کرنا اور سوشل میڈیا پر توجہ مبذول کرنا ہے۔شرمیلا فاروقی نے بھی ویڈیو پر فوری ردعمل دیا اور انہوں نے نادیہ خان کو ایک بے شرم خاتون قرار دیا ۔شرمیلا نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ایک تصویر شیئر کی اور پیرو کاروں کو مطلع کیا کہ انہوں نے نادیہ خان کیخلاف شکایت درج کرائی ہے۔شرمیلا نے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حمایت کی۔