پی آئی اے سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین کے مسائل دو ماہ میں حل کیے جائیں، لاہور ہائیکورٹ

January 22, 2022

کراچی ( اسد ابن حسن)لاہور ہائی کورٹ کے معزز جج عابدعزیز شیخ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے وی ایس ایس(رضاکارانہ ریٹائرمنٹ) لینے والے ملازمین کی دائر درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیا کہ پی آئی اے انتظامیہ اس حوالے سے قانون کے مطابق دو ماہ میں فیصلہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ملازمین نے لاہور ہائیکورٹ جوڈیشنل ڈیپارٹمنٹ میں رٹ پٹیشن نمبر 3297/2022 دائر کی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ مدی علیہان نے وی ایس ایس کے تحت 2020 میں ریٹائرمنٹ لی مگر اس اسکیم میں نہ آنے والی سہولیات جن میں گروپ انشورینس زیڈ ای ڈی / ٹکٹ۔ملازم کو سابقہ پی آئی اے ملازم ہونے کا ادارے کا کارڈ اور ملازم کو مذکورہ اسکیم کے تحت ادائیگی تک جو کام نہیں کرنے دیا گیا اور وہ ڈیوٹی پر حاضر ہوتا رہا اس مد میں تنخواہ کی ادائیگی بھی نہیں ہوئی اور ان کو مذکورہ سہولیات سے محروم کردیا گیا۔اس حوالے سے کافی درخواستیں ۔آخری 13 جنوری 2022 بھیجی گئی مگر تاحال ان پر فیصلہ نہیں کیا گیا ۔لاء آفیسر پی آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ان کا فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا۔عدالت نے فیصلہ دیا کہ پی آئی اے کے زیر التوا درخواستوں پر قانون کے مطابق جلد سے جلد اور زیادہ بہتر ہو گا دو ماہ میں فیصلہ کرے جس کے بعد درخواست نمٹا دی گئی۔